منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19اگست2022) ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ نے کہا ہے کہ لمپی سکن بیماری کی صورت میں جانور کادودھ اور گوشت قابل استعمال رہتا ہے ، گوشت اور دوددھ میں اس وائرس کے اثرات آنے کی افواہیں غلط ہیں لوگ ان پر کان نہ دھریں.
انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک لمپی سکن بیماری کی ویکسین اور ادویات تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں دستیاب ہیں جو بھی جانور اس بیماری میں مبتلا ہورہا ہواس کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لمپی سکن مرض میں جانوروں کے جسم پہ گول گول بڑے بڑے دھبے بن جاتے ہیں اورجانور کو بخار ہو جاتاہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیمیں اعلانات کروا کر گھر گھر جا کر گلٹی دار جلدی بیماری کے تدارک اور پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے چیچڑ، مکھی اور مچھر مار سپرے کر رہی ہیں اور اور تندرست جانوروں کو ویکسین بھی لگا رہی ہیں۔
انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی کہ وہ لمپی سکن کے حامل بیمار جانوروں کو تندرست جانوروں سے علیحدہ رکھیں، ٹھنڈک رکھنے کے لیے جانوروں کو بار بار نہلائیں اور بیماری کی صورت میں قریبی ویٹرنری ہسپتال سے فوری رابطہ کریں۔
