منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15 جولائی 2022) ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے اولڈ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کااچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آصف محمود، ایڈمن آفیسر محمد کاشف، ڈاکٹر صاحبان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں جن میں ایمرجنسی وارڈ، زچہ بچہ وارڈ، ڈائلیسز سنٹر، ایکسرے روم، ڈرگ سٹور اور بلڈ بنک کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے وارڈز میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایڈمن آفیسر کو صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی، ستھرائی کے معاملے میں کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ڈاکٹرز و طبی عملہ کے رویہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کو ضلع کے باقی سرکاری ہسپتالوں کےلئے رول ماڈل ہونا چاہیئے۔ کروڑوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ مریضوں کےلئے علاج معالجے کیلئے ادویات کی دستیابی اور لیبارٹری ٹیسٹ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے کہا کہ ہسپتال میں ان کےلئے تمام ضروری ادویات مفت موجود ہیں۔کسی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔ محکمہ صحت کے فنڈز اور مراعات میں ریکارڈ اضافے کے بعد ملازمین مریضوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
