منڈی بہاءالدین + لاہور(سپیشل رپورٹر 23 فروری 2022) محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے احکامات پر بھکر، چیچہ وطنی، منڈی بہاؤالدین اورکوٹ ادو میں 2 کروڑ 22 لاکھ 20ہزار روپے مالیت کی 18کنال سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروا کر متعلقہ انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے
جاری ایک بیان میں دفتر محتسب پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈگررہتاس بھکر کے 13.5مرلہ رقبے کو محمد افضل کے قبضے سے واگزار کروا کر سکول کی چار دیواری تعمیر کر دی گئی ہے اور متعلقہ شخص کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔مقامی آبادی نے سکول کا حصہ واگزار کروانے اور چار دیواری کی تعمیر پر صوبائی محتسب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دفتر محتسب کی ہدایات پر عملدرآمد کے نتیجے میں چیچہ وطنی میں قبرستان کے 10کنال 16مرلے حصے کو ناجائز قابضین سے واگزار کروا لیا گیا ہے جس کی مالیت 1کروڑ 16لاکھ روپے ہے۔دریں اثناء دفتر محتسب کے حکم پر کوٹ ادو میں قبرستان کے دو کنال 18مرلے حصے کو ناجائزقابضین سے خالی کروایا گیا ہے۔اس رقبے کی کل مالیت نو لاکھ روپے ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ منڈی بہاؤالدین کے ایک درخواست گزار امیر احمد کی شکایت پر دفتر محتسب کی کارروائی کے نتیجے میں شاملات دیہہ و قبرستان کے چار کنال چھ مرلے حصے کو ناجائز قبضے سے چھڑوا لیا گیا جس کی مارکیٹ ویلیو 17لاکھ 20ہزار روپے ہے۔
