ڈپٹی کمشنر محمد شاہد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کے اجلاس میں شرکائے اجلاس کے متفقہ رائے کے بعد سٹاف اور 9 ڈیٹا اینٹری آپریٹرز کی ماہ دسمبر اور جنوری کی تنخواہوں کی ادائیگی، 4ای سی جی مشینوں کی خریداری، 10وہیل چیئرز، 10وہیل سٹریچر، 10 بی پی آپریٹس، 10 آکسیجن فلو میٹرز ، ایل ای ڈی بلبز اور دیگر طبی سہولتوں کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 23فروری 2022) اس امر کا فیصلہ ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ہسپتالوں میں عدم سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپ گریڈ بھی کیا جا رہا ہے۔
اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن وسائل اور فنڈز مہیا کر رہی ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ صحت عوام الناس کی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور دلچسپی لیتے ہوئے حکومتی پالیسیوں کا کامیاب بنائیں۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل، سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر شکیل نذر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر قمرالزمان گورائیہ،فارماسسٹ محمد داﺅد، میونسپل آفیسر مزمل محمود اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
