منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10 دسمبر 2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے، موثر تیاریوں سے ہی پولیو کے خلاف مہم کو کامیاب بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنا ہوں گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل،سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر شکیل نذر، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں اجلاس کو سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 13 دسمبر سے لے کر17 دسمبر 2021 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ25 ہزار428 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ 16,17 دسمبر کو کیچپ اپ ڈیز ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران وٹامن اے کے کیپسولز بھی دئیے جائیں گے۔
جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے، ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اورگھروں، سکولوں، جھونپڑیوں، لاری اڈوں، ریلوے سٹیشن، بھٹہ جات اور عوامی مقامات پر مامور ٹیموں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے ۔ انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
