ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر یاسر حمید عباسی نے کہا ہے کہ ووٹ کا اندراج ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے اور ووٹرز کیلئے شناختی کارڈ اور ووٹر لسٹ میں اندراج قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ کے بروقت اندراج کیلئے شروع کی گئی مہم سے تمام شہری بروقت فائدہ اٹھائیں تاکہ آئندہ الیکشن میں زیادہ سے زیادہ شہری اپنے ووٹ کے حق کے استعمال کو یقینی بنا سکیں۔
منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 07 دسمبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پوسٹ گریجویٹ کالج منڈی بہاﺅالدین میں قومی ووٹر ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا اہتمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان منڈی بہاﺅالدین کی جانب سے کیا گیا تھا۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق ، سینئر پروفیسر محمد منشاء گوندل کے علاوہ کالج کے اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد شریک تھی۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سید ساجد حسین نے شرکاء سیمینار کو قومی ووٹر ڈے اور ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جن کے ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ دیگر پتے بھی درج ہیں وہ اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے مطابق منتقل کروا لیں۔ اس مقصد کیلئے فارم 21 ان کے آفس سے یا الیکشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے حاصل کرکے اور فارم کو پر کر بمعہ شناختی کارڈ کی کاپی ڈسٹرکٹ الیکشن آفس منڈی بہاﺅالدین میں جمع کروائیں یہ پر شدہ فارم ،درخواست گزار کو آفس میں خود جمع کروانا ہوگایا اختیار نامہ کے ساتھ درخواست گزار اپنے والد ، والدہ ، خاوند یا بیوی، بیٹا یا بیٹی کے ذریعے بھی جمع کروا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے رائے دہندہ گان جن کے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر دئیے گئے ایڈریس پر نہ ہو گا تو ایسے ووٹ غیر موثر تصور ہونگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیل اپنے شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کرسکتے ہیں اور مزید معلومات کیلئے ضلعی الیکشن کمشنر آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔سیمینارسے ووٹ کے اندراج کی اہمیت کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
