منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 20 نومبر 2021 ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعلقات عامہ کے پرنسپل آفیسر ڈاکٹر جلال عارف نے کہا ہے کہ گندم کی پیداوار میں تین من فی ایکڑ اضافے کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا 22 ہزار طلبہ کو محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے اشتراک سے 9 روزہ گندم بڑھائو مہم کے تحت گائوں گائوں جا کر کاشتکاروں کو جدید طریقہ کاشت سے روشنا س کروانے کے لئے مصروف عمل ہے جو کہ گندم میں خودکفالت کے حصول کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل پھالیہ میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈین زرعی انجینئرنگ زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد ارشاد، ڈسٹرکٹ کوآڈینیٹر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد انوارالحق، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال، زراعت آفیسر محمد افضل، ڈاکٹر دلدار گوگی، ڈاکٹر محمد طیب اورکسانوں اور کاشت کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل آفیسر ڈاکٹر جلال عارف نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے طلبہ وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی زیر نگرانی گائوں گائوں جا کر گندم کی کاشت کے حوالے سے کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے مستند اور بین الاقوامی شہرت کے حامل ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی خدمات کی بدولت زرعی میدان میں روشن باب کا آغاز ہوا ہے اور منڈی بہاوءالدین میں سب کیمپس کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ڈین زرعی انجینئرنگ زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا نوجوان مختلف اضلاع میں دورہ کے دوران طلبہ کسانوں کو زمین کی تیاری، بیج کے انتخاب، آبپاشی کے جدید رحجانات اور کھادوں کے استعمال کے بارے میں نئی جدتوں پر مشتمل ٹیکنالوجی کی آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کوآڈینیٹر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد انوارالحق اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال نے کہا کہ بروقت بوائی، تصدیق شدہ بیج، ڈرل سوئنگ، کھادوں کے متناسب استعمال اور جڑی بوٹیوں کے تدارک کو رواج دے کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھادوں کے متناسب استعمال پیداواریت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی معاشی حالت کو بھی بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ زمیندار کھادوں کے متناسب کو یقینی بنائیں تاکہ پیداوار مین مطلوبہ اضافہ اور زرعی ترقی ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد افضل نے بتایاکہ نوروزہ گندم اگائو مہم کے تحت تین دن روڈ شو، چار دن کاشتکاروں کی تربیت کے ساتھ ساتھ سمارٹ /میگا فارمرز گیدرنگ اور گرینڈ ریلی کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
