منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24ستمبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ آٹے کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا، ایسی شکایات موصول ہونے پر پرائس ایکٹ کے تحت جرمانے کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام الناس کی سہولت کیلئے ضلع بھر کی مخصوص دکانوں، ہول سیل ڈیلروں اورفیئر پرائس شاپس پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 550روپے مقرر کر رکھی ہے اور اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرول محمد ارشد تارڑ کی جانب سے شہر کے مختلف بازاروں کی دکانوں پر آٹے کی دستیابی کے حوالے سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح اشیائے ضروریہ بالخصوص آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں مقررہ نرخوں پر با آسانی اور وافر مقدار میں دستیاب کرانا ہیں جس کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ دکانداروں کو اس بات کا پابند کریں کہ وہ اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹے اور چینی کے سرکاری ریٹ لسٹوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی اور متعلقہ محکموں کے افسران باقاعدگی سے سبزی منڈیوں ، عام بازاروں اور تجارتی مراکز کے دورے کر رہے ہیں اور آٹا ، چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں تا کہ کسی بھی قسم کی عدم دستیابی اور قلت سے بر وقت نبٹاجا سکے۔
