20 ستمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں منڈی بہاوالدین کے 2لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 17اگست2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پولیو فری پاکستان ہم سب کی منزل ہے، قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا کسی عبادت سے کم نہیں ،انسداد پولیو مہم میں ویکسین کے قطرے پلوانے کیلئے مکمل تیاری اور اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں انسداد پولیو مہم اور ای پی آئی ویکسی نیشن کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر رضوان تابش، ڈاکٹر عدنان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات گوندل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ملکوال ڈاکٹر ناصر وقار، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیو رافعہ ناہید، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

سی او ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ20 ستمبر سے لیکر24 ستمبر 2021 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جس میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 25 ہزار418 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دئیے جائیں گے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گھروں جھونپڑیوں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن، بھٹہ جات، ڈیرہ جات اور عوامی مقامات پر پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ قطرے پلانے سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائے گا اور انسداد پولیو ٹیموں کی جانب سے کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے محکمہ صحت کی انسداد پولیو ٹیموں کو باور کرایا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پولیو مہموں کے دوران پیش آنے والے مسائل کا از سر نو جائزہ لے کو مسائل حل کر کے مہم کو اہداف کے مطابق کامیاب بنایا جائے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں