agriculture mandi bahauddin

منڈی بہاءالدین کے 80 خوش نصیب کاشتکاروں میں لیزر لینڈ لیولر تقسیم

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 02 نومبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پانی کی کمی اور اس کے بے دریغ استعمال کو روکنے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے لیزر لینڈ لیولرز کا استعمال عصر حاضر کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ہموار زمین سے ہی بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں لیزر لینڈ لیولرز کی قرعہ اندازی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ حافظ غلام مرتضیٰ چٹھہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (اصلاح آبپاشی) زاہد آفتاب اور دیگر افسران کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ تقریب کا انعقاد محکمہ زراعت (اصلاح آبپاشی) کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔

قبل ازیں اپنے سپاس نامہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (اصلاح آبپاشی) زاہد آفتاب نے شرکاء تقریب کو بتایا کہ ضلع بھر سے لیزر لینڈ لیولر کے خواہش مند 276 کاشتکاروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں جس میں قرعہ اندازی کے ذریعے 80 خوش نصیب کاشت کاروں کو کامیاب قرار دیا گیا جس میں منڈی بہاﺅالدین اور پھالیہ سے 30،30 جبکہ ملکوال سے 20 خوش نصیب کاشت کار شامل ہیں۔ ان کاشت کاروں کو 2 لاکھ 50 ہزار سبسڈیز پر قرعہ اندازی کے ذریعے لیزر لینڈ لیولر تقسیم کئے گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ دور جدید کے مطابق یہ لینڈ لیولر پانی کی بچت اور ہموار زمین کیلئے بہت مفید ہیں اور کاشتکار حضرات انہیں مالی فوائد کیلئے استعمال کر سکتے ہیں ۔جس پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کاشت کاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے لیزر لینڈ لیولرز کی رعائتی قیمت پر فراہمی حکومت کا احسن اقدام ہے لیزر یونٹ سے کاشت کاروں کی پیداوار میں نمایاں بڑھوتری آئے گی اور کسان پہلے سے زیادہ خوشحال ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اگر زمین ٹھیک طریقے سے ہموار نہ کی گئی ہو تو تقریباً 30 فیصد تک کھاد اور25 فیصد تک پانی ضائع ہو جاتا ہے جس سے کسان کی 20 فیصد تک پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (اصلاح آبپاشی) زاہد آفتاب نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے تمام اضلاع میں سبسڈائزڈ لینڈ لیولرز شفاف طریقے سے تقسیم کرنے کا جامع پلان بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں