محرم الحرام: منڈی بہاوالدین میں 1291مساجد ، 260امام بارگاہوں اور 260مدارس کی سیکیورٹی سخت

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 09 اگست 2021 ) صوبائی وزیر برائے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو روا داری صبر و تحمل اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام امن و امان کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہاکہ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اجتماعی ذمہ داری ہے ، لائسنس داران ضابطہ اخلاق ، وقت ، جگہ اور روٹس کے علاوہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا، ممبرز صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن، طارق تارڑ، ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنرز منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، پھالیہ ساجد منیر کلیار، ملکوال عثمان غنی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، تینوں تحصیلوں کے تحصیل افسران، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، انجمن حسینیہ کے رہنماﺅں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنرطارق علی بسرا نے صوبائی وزیر کو ضلع میں محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں 1،291مساجد ، 260امام بارگاہیں اور 260مدارس ہیں، محرم الحرام کے مہینے میں اے کیٹیگری کے 06 جلوس اور 18 مجالس ، بی کیٹیگری کے 32جلوس اور 81 مجالس جبکہ سی کیٹیگری کے 259جلوس اور 1،183مجالس ہوں گی۔

انہوں نے مذید بتایا کہ محرم الحرام کے مہینے میں 08علمائے کرام کی زبان بندی، 18کے ضلع میں داخلہ پر پابندی، 3 3کو فورتھ شیڈول جبکہ 3کے نظر بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے پاس 40سی سی ٹی وی کیمرے، 04 واک تھرو گیٹس، 274 میٹیل ڈی ٹیکٹرز بھی موجود ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ضلع کے ہسپتالوں کے 74 بیڈز مختص ہیں جبکہ 262 ڈاکٹرز، 747 پیرامیڈیکل سٹاف، 17ایمبولینس ، 30ڈونرز اور 40بلڈ بیگز بھی موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں تمام مسالک کے مابین زبردست ہم آہنگی ،مذہبی رواداری اور بھائی چارہ پایا جاتا ہے اور ان میں کسی قسم کی مسالکی تفریق نہیں پائی جاتی، سب ایک دوسرے کے نظریات و عقائد کا احترام کرتے ہیں۔جس پر صوبائی وزیر اجمل چیمہ نے کہا کہ حضرت امام حسین اور اہل بیت کی تقریم تمام مسالک کیلئے لازم جزو ایمانی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع منڈی بہاﺅالدین میں بھی تمام مسالک کے ماننے والے ایک دوسرے کے ساتھ باہمی طور پر گہرے رشتوں میں منسلک ہیں ۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے ایام کے دوران اشتعال انگیزیوں اور شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی سے گریز نہ کریں۔ ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری ، ممبرز صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن اور طارق تارڑ نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلع منڈی بہاﺅالدین امن کا گہوارہ ہے۔ یہاں کے لوگ سابق روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کا امن برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ لاﺅڈ سپیکر کے استعمال سے متعلق قانون کی پاسداری کریں اور محرم الحرام کے سلسلہ میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں۔ اجلاس میں علماءنے صوبائی مشیر کوامن و امان کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں جس کو سراہا گیا اورانہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو ضلع میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے اپنے غیر مشروط اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ لکھیں