anti smog mandi bahauddin

عوام سموگ سے بچاﺅ کیلئے فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، چمڑا اور ہسپتال کے فضلہ جات کو جلانے سے پرہیز کریں

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ سموگ انسانی بقا اور صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے جس پر قابو پانا معاشرے کے تمام طبقات کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ عوام الناس حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت کے مطابق سموگ سے بچاﺅ کیلئے فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، چمڑا اور ہسپتال کے فضلہ جات کو جلانے سے پرہیز کریں ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی اور بھاری جرمانے کئے جائیں۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 04 نومبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد سموگ مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احسان الحق ضیاء، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید، فیلڈ آفیسر ماحولیات عاطف عمران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اور فیلڈ آفیسر ماحولیات نے اجلاس کو ملٹی میڈیا کے ذریعے انسداد سموگ کے حوالے سے کی جانے والی کاروائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ اینٹی سموگ کی خلاف ورزیوں اور دھان کی باقیات جلانے کے جرم میں اب تک 34 استغاثے ضلع کے مختلف تھانوں میں جمع کروائے گئے ہیں اور18 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کو روکنے کیلئے محکمہ زراعت نے آگاہی مہم چلائی رکھی ہے۔ آگاہی مہم کے حوالے سے پمفلٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں اور مساجد میں اعلانات بھی کروائے جا رہے ہیں ۔

فیلڈ آفیسر ماحولیات نے بتایا کہ انسداد سموگ کے حوالے سے ضلع میں قائم مختلف بھٹوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کاروائیاں جاری ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان 10 ایکڑ سے زائد اراضی رکھنے والے کاشتکاروں اور بڑے زمینداروں کو فصلوں کی باقیات جلانے پر ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق 50 ہزار روپے تک جرمانہ کریں ۔

انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے، ٹریفک پولیس، محکمہ ماحولیات بالخصوص محکمہ زراعت کو انسداد سموگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی کاروائیوں کی بھی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بھٹوں بالخصوص کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو فوری بند کرنے اور روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔

انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کوا واضح ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ زراعت کے افسران اور سٹاف دو ماہ تک انسداد سموگ مہم کے لئے پوری طرح الرٹ رہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں