ضلع کونسل ہال منڈی بہاءالدین میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احسان الحق ضیاءنے کہا ہے کہ ریو نیو عوامی خدمت کچہری وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست انقلابی اقدام ہے جہاں شہریوں کو ریونیو سے متعلق رہنمائی اور آگاہی خصوصا ریونیو سے متعلق پیچیدہ مسائل فورا ً حل کئے جاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ان کچہریوں کے انعقاد سے ریونیو سروسز میں واضح بہتری آ رہی ہے ، یہی وجہ ہے عوام الناس کی کثیر تعداد نے ان خدمت ریونیو کچہریوں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

منڈی بہاءالدین (ایم.بی.ڈین نیوز یکم نومبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلع کونسل ہال میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں سائلین کی شکایات حل کرتے ہوئے کیا۔ ا س موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی، نائب تحصیلدار محمد وقار، لینڈ ریکارڈ سنٹر ، ریونیو افسران کے علاوہ سائلین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے توجہ اور خلوص سے عوامی خدمت کچہری میں آئے ہوئے سائلین سے فرد اجراء، ریکارڈ درستگی، ڈومیسائل اور دیگر سروسز سے متعلق شکایات کے ازالہ کیلئے فوری احکامات جاری کئے جبکہ دیرینہ مسائل والی درخواستوں کو ایک دو روز میں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ مال سے متعلق عوامی شکایات کے فوری حل کیلئے لگائی جانے والی ریونیو عوامی خدمت کچہریاں اہم سنگ میل ثابت ہو رہی ہیں کیونکہ ان کچہریوں کا مقصد لوگوں کے دیرینہ مسائل کا حل ہے.

ضلع میں زمینوں سے متعلقہ معاملات اور کاشت کاروں کی مشکلات کے حل کے لئے ریونیو عوامی خدمت کچہری ایک انقلابی قدم ہے جس کے مثبت نتائج سانے آرہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ افسران کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ شکایات اور درخواستوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں۔ اسی طرح تحصیل پھالیہ میں اسسٹنٹ کمشنر ساجد منیر کلیار اور تحصیل ملکوال میں اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی کی سربراہی میں بھی عوامی خدمت کچہریاں لگائی گئیں اور سائلین کی شکایات کے ازالہ کیلئے فوری احکامات جاری کئے گئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں