سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا بس اسٹینڈز کا دورہ، 21 گاڑیوں کے چالان اور 4 گاڑیوں کو بند کر دیا

منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 09 اگست 2021) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہر نے شہر کے مختلف بس سٹینڈز اورروٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کا اچانک معائنہ کیا، انہوں نے معائنہ کے دوران مختلف روٹس پر 57 گاڑیوں کو چیک کیا اور غیر معیاری گیس سلنڈرز اور کوویڈ 19 ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر21 گاڑیوں کے چالان کرکے 7گاڑیوں کو ضلع کے مختلف تھانہ جات میں بند اور مجموعی طور پر31 ہزار روپے جرمانہ بھی کیاجبکہ 4 گاڑیوں سے غیر معیار ی گیس سلنڈرز بھی اتروا دئیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر غیر معیاری گیس سلنڈرز بنانے والوں اور گاڑیوں میں نصب کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے غیر معیاری سلنڈرز بنانے والوں اور ٹرانسپورٹ مالکان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے غیر قانونی فعل سے باز رہیں ۔ چیکنگ کے دوران غیر معیاری سلنڈرز بنانے والے اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں نصب کرتے ہوئے پائے جانے والوں کو بھاری جرما نے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں اور اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے بالخصوص ٹرانسپورٹر حضرات اور مسافروں، ویٹنگ ایریاز اور گاڑیوں میں سفر کے دوران سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ ملک محمد طاہر نے ٹرانسپورٹر حضرات کو ہدایت کی ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور سہولیات کی دستیابی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی غفلت ، سستی یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں