حاجی امتیاز احمد چوہدری نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں مون سون شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا لگایا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 07 اگست2021) ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ درخت لگانا بہترین صدقہ جاریہ ہے، جس نے ایک درخت لگایا اس نے جنت میں درخت لگایا، ملکی ضروریات اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، شجرکاری مہم کے سلسلہ میں حکومت پاکستان بالخصوص حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں گرین پاکستان اور گرین پنجاب پروگرام کے تحت ضلع میں شجرکاری کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنمنٹ نواز شریف ڈگری کالج برائے خواتین منڈی بہاﺅالدین میں مون سون شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، کالج پرنسپل صائمہ عنبرین اور اساتذہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کا کلین اینڈ گرین پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرکے ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی قلت کے بحران سے بآسانی نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرہ ارض کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے موسمی تغیرات کو شجرکاری کے ذریعے ہی روکا جاسکتا ہے۔

مون سون کی حالیہ بارشیں شجرکاری کیلئے انتہائی موزوں ہیں۔ ان کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور ضلع بھر میں سرکاری و نجی سطح پر شجرکاری کو فروغ دیا جائے اور سوشل فاریسٹی کے فروغ کیلئے بچوں خواتین بزرگوں اور نوجوانوں کو ماحول دوست سرگرمیوں میں نہ صرف شریک کیا جائے بلکہ انہیں شجرکاری کے فروغ کی ترغیب بھی دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے 10بلین ٹری پروگرام اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت سرکاری دفاتر ، گھروں کے لانز اور دیگر دستیاب اراضی پر شجرکاری مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔

وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول مہیا کرنے کیلئے نا صرف بھر پور طریقے سے شجرکاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہم سب کا یہ قومی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ اپنے اپنے حصے کا ایک ایک پودا ضرور لگائیں ۔ بعد ازاںڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق پھپھرا اورکالج پرنسپل نے بھی کالج میں پودے لگائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں