جوکالیاں برج، چنی مانگا کے مقام پر ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو 1122 اوردیگر متعلقہ محکموں کی معاونت سے فرضی مشقوں کا مظاہرہ کیا گیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27مئی2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ قدرتی آفات روکنا انسان کے بس میں نہیں لیکن پیشگی اور موثر تیاریاں کر کے سیلاب جیسی آفت میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے اور بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ عملی مشقو ں کا بنیادی مقصد موسم برسات میں ممکنہ سیلاب کے خطرات سے نمٹنے اور متعلقہ اداروں کے مابین باہمی روابط، سیلاب سے بچاو ¿ کی تیاریوں اور استعدادِکار کا جائزہ لینا ہے،سیلاب کے دوران سب سے اہم کردار ریسکیو اور ریلیف کا ہوتا ہے جس کیلئے ضلعی انتظامیہ،ریسکیو 1122، ڈی ڈی ایم اے، صحت سمیت دیگر تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ رہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے دریائے چناب میں جوکالیاں برج، چنی مانگا کے مقام پر ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو 1122 اوردیگر متعلقہ محکموں کی معاونت سے فرضی مشقوں کا مظاہرہ دیکھتے ہوئے اور متعلقہ محکموں کی طرف سے لگائے گئے ریلیف کیمپوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ لائیو سٹاک ،ریسکیو 1122، محکمہ صحت،ایریگیشن،سول ڈیفنس ،ضلعی انتظامیہ، ٹائیگر فورس کے رضاکاروں اور دیگر اداروں نےاپنے کیمپ بھی لگائے ہوئے تھے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے عملی مشقوں کے دوران سیلاب میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے اور ڈیڈ باڈی کو نکالنے کا مظاہرہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے عملی مشقوں کا مظاہرہ دیکھنے ، ریلیف کیمپوں کا معائنہ کرنے اور بریفنگ سننے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی سیلاب سے بچاو ¿ کی تیاریوں پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ایچ او حافظ شکیل بٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے ڈپٹی کمشنر کو تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ریسکیو1122 اور دوسرے متعلقہ محکمے مون سون کے دوران کسی بھی سیلابی صورتِ حال سے نبرد آزما ہونے کیلئے 24 گھنٹے الرٹ رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کشتیوں، لائف جیکٹس، ضروری مشینری، اور دیگر ضروری سامان کو مکمل چالو حالت میں رکھا جائے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ادویات کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے ٹیم ورک اپنی تیاریاں مکمل رکھیں اور اس کیلئے تمام محکموں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شدید بارشوں یا ممکنہ سیلاب آنے کی صورت میں حکومتی ہدایات کے مطابق عوام کی جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگااور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں