بلین ٹری پلانٹیشن کے تحت منڈی بہاوالدین میں 24ہزار پودے لگائے گئے

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 09 اگست 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن بلین ٹری پلانٹیشن کے تحت مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ضلع منڈی بہاﺅالدین کیلئے 9لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے اور اب تک سوا2لاکھ پودے لگا دئیے گئے ہیں، مقررہ ہدف کو اسی مون سون سیزن میں مکمل کر لیا جائے گا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنمنٹ پیر یعقوب شاہ ڈگری کالج پھالیہ میں ایک ہزار پودے اور دریائے جہلم کے کنارے موضع ھپھرا بیلہ ملکوال میں 20 ایکڑ اراضی پر 24 ہزار پودے پودا لگاتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،ممبر صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی،ضلعی صدر پی ٹی آئی و سابق ایم این اے ذوالفقار گوندل، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ارشاد اللہ گوندل، ڈی او فاریسٹ رانا محمد اکرم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر عتیق الرحمٰن،سول سوسائٹی، این جی ایوز کے نمائندے، محکمہ تعلیم کے افسران، سکولز کالجز کے پرنسپل، اساتذہ کرام، طلبا، عمائدین شہراور عوام الناس کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ د رخت ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہے، کسی بھی ملک کے 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری پلانٹیشن اور ہے اور اسی ویژن کے تحت ملک بھر میں شجر کاری کی جا رہی ہے کیونکہ اس کرہ ارض پر رہنے کیلئے درخت نہایت ضروری ہیں ،انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن میں سوا 2 لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں جن میں سے 70 ہزار پودے محکمہ جنگلات کی معاونت سے ضلع کے تمام محکموں نے لگائے ہیں ۔ انہوں نے اپنے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہ اکہ ضلع کو 9 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا تھا جو کہ مون سون سیزن کے اختتام سے پہلے ہدف کو مکمل کر لیا جائے گا ۔

ممبر صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے واسطے زندہ رہنے کیلئے سانس ضروری ہے اسی طرح سانس لینے کیلئے درخت بھی ضروری ہیں ۔ انہوں نے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کی قیادت میں شجرکاری کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہاکہ شجرکاری صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ شجرکاری مہم کو اجتماعی کوششوں سے ہی کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ارشاد اللہ گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دن پلانٹ فار پاکستان کے تحت دریائے جہلم کے کنارے موضع ھپھرا بیلہ ملکوال میں 20ایکڑ اراضی پر 24ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ چیلیانوالہ ریلوے سٹیشن کے نزدیک گجرات کینال پر 41ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں اور ان کی جیو ٹیگنگ با آسانی کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر اس ہفتے 65 ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔ تقریب سے دیگر اہم مقررین نے بھی خطاب کیا ور شجرکاری کی اہمیت کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں