انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال کا آغاز 7 نومبر سے شروع کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر منڈی بہاءالدین

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 04 نومبر 2021 ) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر یاسر حمید نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ہر ضلع میں انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال کے کام کا آغاز مورخہ 07 نومبر سے شروع کیا جائے گا جو ایک ماہ تک جاری رہے گا ۔ اس سلسلہ میں شمار کنندگان کی تعیناتی بھی کر دی گئی ہے جو گھر گھر جا کر ووٹ کا اندراج اور اخراج کریں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کام کو مزید بہتر بنانے کے لئے اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر سپروائزر اور شمار کنندگان کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ تعینات عملہ اپنے کام کو احسن طریقے سے سرانجام دے سکے ۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے گھر گھر تصدیق کے لئے شمار کنندگان کو نقشے اور مکمل تفصیل بھی فراہم کر دی ہے تاکہ تمام ووٹ حلقہ بندیوں اور شناختی کارڈ کے پتہ کے مطابق بالکل درست جگہ پر ہوں اور آنے والے انتخابات کے لئے موجودہ فہرستوں کی روشنی میں الیکشن بھی انتہائی شفاف ہوں.

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ گھر گھر تصدیق کے عمل میں انتخابی فہرستوں میں تمام غلطیوں کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ یاسر حمید نے عوام الناس سے اپیل کی کہ سب لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ووٹ کا اندراج کویقینی بنانے کے لئے ضلعی الیکشن کمیشن کے عملہ سے تعاون کریں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں