اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین نے محرم الحرام کے حوالے سے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا اچانک دورہ کیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 05 اگست2021 ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے محرم الحرام کے حوالے سے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے مرکزی امام بارگاہ صدر بازار، امام بارگاہ سجادیہ پانچ وارڈ، امام بارگاہ خورشید گوڑھا محلہ اور امام بارگاہ ڈیرہ مزمل شاہ کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات اور ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔

انہوں نے جلوس کی انتظامیہ کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔اس موقع پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سمیر انتظار چیمہ، میونسپل آفیسر محمد ابوبکر، حسینیہ مجالس کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے کہاکہ حضرت امام حسین ؓ کے فلسفے پر عمل کر کے اسلام کا پیغام عام کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ماضی کے مقابلے میں اس بار زیادہ مو ¾ثر سکیورٹی انتظامات کئے ہیں۔ میرا حسینیہ مجالس کے عہدیداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے۔ کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ تمام مکاتب فکر کی ممتاز شخصیات نے حسب روایت ہم آہنگی اور رواداری کی فضا برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہوئی ہے۔ انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے اور عوام کے تعاون سے بد امنی کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور ممتاز شہریوں کے تعاون سے بین العقائد ہم آہنگی کی فضا بر قرار رکھی جائے گی۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے علی الصبح شہر کی سبزی و پھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا۔ انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ بھی لیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری مارکیٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں