منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 03 دسمبر 2021 )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان الحق ضیاءنے آج علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا۔ انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں بھی پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کروائی۔
انہوں نے سبزی منڈیوں میں خریداری کیلئے آنے والے دکانداروں اور صارفین سے اشیاءکی قیمتوں اور کوالٹی سے متعلق استفسار بھی کیا جس پر وہاں موجود صارفین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کریک ڈاﺅن جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنا ایک ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے جس کی انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈینینس 2020 کے تحت 3سال قید کی سز ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر سبزی اور پھل پر الگ الگ سرکاری نرخنامہ آویزں کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں ، ذخیرہ اندوزی میں ملوث عوام دشمن عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 0800-02345 پر دیں۔