پنجاب بھر کی طرح منڈی بہاؤالدین میں بھی کیتھ لیب کو فعال بنانے کے احکامات

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھ لیب پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب کے ہر ضلع کے لیے کارڈیک کیتھ لیب کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم کے بعد جھنگ، میانوالی اور وہاڑی میں بھی جلد کیتھ لیبز کو فعال کر دیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور اور ٹوبھی ٹیک سنگھ میں کیتھ لیبز کو فعال بنایا جائے گا۔ کیتھ لیب میں انجیوگرافی، انجیو پلاسٹی اور پی سی آئی کی بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

کیتھ لیب کے قیام سے 60 سے 90 منٹ میں ہسپتال پہنچنے والے مریضوں کی جان بچ جائے گی۔ ڈسٹرکٹ کارڈیالوجی سینٹر میں انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ اور تربیت یافتہ عملہ کی تعیناتی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ہر ضلع میں قائم کی جانے والی جدید ترین کارڈیک کیتھیٹر لیب بین الاقوامی ایس او پیز کے مطابق دل کی بیماریوں کا بہترین علاج فراہم کرے گی۔

دل کی ایمرجنسی کی صورت میں 90 منٹ میں ڈسٹرکٹ کارڈیالوجی سنٹر پہنچ کر مریض کی جان بچانا ممکن ہو گا۔ ہارٹ اٹیک ایمرجنسی کے دوران مریضوں کو دور دراز کے بڑے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ضلعی ہسپتالوں میں ماہرین اور امراض قلب کے ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھیٹر لیب میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹروں کے لیے خصوصی تنخواہ پیکج کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جدید ترین کیتھیٹر لیب میں علاج سے دل کی بیماریوں سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے بھی بچا جا سکے گا۔ ضلعی سطح پر کیتھیٹر لیب کے قیام سے صحت کے نظام میں بہتری آئے گی اور بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کون سوچ سکتا تھا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں کیتھیٹر لیب بنائی جائیں گی اور دل کے امراض کا علاج کیا جائے گا۔ ہم پنجاب کے ہر شہری کی دہلیز پر علاج کی معیاری اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ ضرور پورا کریں گے۔

Exit mobile version