ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے پھالیہ میں گرداوری آن لائن سسٹم کے معائنہ کے بعد سہولت بازار، عام مارکیٹ اورپرائمری سکول رکن کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 30ستمبر 2021) اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عام بازاروں کے علاوہ سہولت بازار پھالیہ میں قائم پھلوں، سبزیوں اور کریانہ شاپس کے سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں اشیاء کے معیار، مقداراور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق سہولت اور دیگر بازاروں میں چینی ،آٹے سمیت اشیائے خوردونوش کے ریٹس مقرر کر دئیے گئے ہیں ،شہریوں کو چاہیئے کہ وہ زائدقیمت ہر گز ادا نہ کریں بلکہ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر روزہ مرہ کے استعمال کی اشیاءخریدیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس2020 کے تحت گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے اور اس آرڈینینس کے تحت اشیائے خورونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنا ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے۔اسی طرح انہوں نے پرائمری سکول رکن کو بھی دورہ کیا۔ انہوں نے نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسی نیشن کے حوالے سے سکول کے مختلف کلاس رومز میں جا کر طلباءکو تعلیم حاصل کرتے دیکھا۔ طلباءنے ماسک پہنے ہوئے تھے اور ان کی نشستوں کے درمیان فاصلہ بھی موجود تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اساتذہ اور طلباءکو کوونا وائرس سے بچاﺅحکومت کی اولین ترجیح ہے،اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسی نیٹ کر کے کورونا وائرس سے بچانا ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پھالیہ میں فصلوں کی ڈیجیٹل گرداوری کے آن لائن عمل کا جائزہ لیا۔علاقہ گرداور نے فصل کی گرداوری رپورٹ ڈیجیٹل گرداوری موبائل ایپ کے ذریعے موقع پر اپ لوڈ کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل گرداوری سے نا صرف فصلوں کو ڈیٹا بیس تیار ہو گا بلکہ وقت ضرورت یہ ڈیٹا دیگر مقاصد کیلئے بھی نا صرف بروئے کار لایا جا سکے گا بلکہ مالکان و حقداران زمین کے شناختی کارڈ کے اندراج بھی ممکن ہو سکے گا۔