ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کے ہمراہ شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا

منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25 دسمبر 2021 ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر احسان الحق ضیاء نے اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل کے ہمراہ آج علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے امور کا جائز ہ لیا۔ انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی اور نرخوں کو چیک کیا اور صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کروائی۔ اس موقع پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور عملہ بھی موجود تھا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے خریداری کیلئے آنے والے دکانداروں اور صارفین سے اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی سے متعلق بھی استفسار کیا جس پر وہاں موجود صارفین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ سبزیاں اور پھل عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پرفروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔

آج سبزی، پھل و گوشت کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پرصوبہ بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ منڈی سے مارکیٹ تک سبزی و پھل کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سبزی و پھل فروٹ منڈی میں مڈل مین کے کردار کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اشیاء کی خریداری کرتے ہوئے مارکیٹ کمیٹی سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کو فالو کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں “قیمت ایپ”یا ٹول فری نمبر 0800-02345 پر اطلاع دیں۔

Exit mobile version