پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وائلڈ لائف رینجر فورس کی بھرتی مکمل کر لی گئی ہے۔ لاہور سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ امیدواروں کو وائلڈ لائف ریسرچ سنٹر فیصل آباد اور پاکستان رینجرز اکیڈمی منڈی بہاؤالدین میں تربیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار خواتین کو فیلڈ وائلڈ لائف رینجرز کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ 54 ہزار درخواست گزاروں میں سے 552 کا انتخاب کیا گیا جن میں 23 فیصد خواتین شامل ہیں۔
منڈی بہاؤالدین میں نایاب تیندوے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا
انہوں نے کہا کہ نئی قانون سازی کے تحت رینجرز کو ایف آئی آر، گرفتاری، تفتیش اور پراسیکیوشن کے مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔ وہ غیر قانونی شکار، نایاب پرجاتیوں کی اسمگلنگ اور جنگلات کی تباہی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے خلاف جرائم کو ناقابل ضمانت قرار دیتے ہوئے رینجرز کو جدید ہتھیاروں اور فیلڈ گیئر سے لیس کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں جنگلی حیات کے تحفظ کے مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ فوری کارروائی اور نگرانی کا مربوط نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔