سال 2024 کی پہلی پولیو مہم 8 جنوری سے شروع ہوگی

ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں8 جنوری 2024 سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03 جنوری 2024 ) اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، فوکل پرسن برائے پولیورافعہ ناہید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار نے انسداد پو لیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ8 جنوری سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔

اس ضمن میں مائیکرو اور میکروپلان تیار کر کے ضلعی اور تحصیل سطح پر متعلقہ سٹاف کو تربیت فراہم کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں ضلع بھر میں دور دراز علاقوں میں گھر گھر جا کرپانچ سال تک کے 3 لاکھ 16ہزار 261 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے پلائیں گی۔

پولیو مہم کے لئے محکمہ صحت کے 2،922 ورکرز پر مشتمل 70 فکسڈ ٹیمیں، 45 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی 1،225 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے بریفنگ سننے کے بعدکہا کہ عملی اقدامات سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔

انہوں نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی خود مانیٹرنگ کریں اور قطرے پلانے والی ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی علاقہ ایسا نہ رہے جہاں پولیو ٹیم نہ پہنچی ہو اور نہ ہی کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جانے سے محروم رہے۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل ہے کہ وہ محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے پھول جیسے پا نچ سال تک کی عمر کے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا نے کیلئے پولیو کے حفا ظتی قطرے ضرور پلائیں۔

Exit mobile version