لاہور: پنجاب بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نوٹسز جاری کرنے کے علاوہ جرمانے بھی کیے گئے۔
فیصل آباد کے 3 حلقوں کے امیدوار قاسم فاروق سمیت مری کے 3 حلقوں میں بلال یامین، مہرین انور اور اسامہ اشفاق کو بغیر اجازت ریلی نکالنے پر مانیٹرنگ افسران نے نوٹس جاری کر دیئے۔ پی پی 42 منڈی بہاؤالدین کے امیدوار ساجد خان کو بڑے پینا فلیکس آویزاں کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ۔
صرف مقررکردہ سائز میں الیکشن بینر، پوسٹر اور پمفلٹ لگانے کی اجازت ہے
پی پی 43 منڈی بہاؤ الدین میں امیدوار نواز پنجوتھا اور قمر خان کو وارننگ دی گئی۔ ملتان پی پی 14 میں احمد حسین دیہاڑ سمیت 5 امیدواروں کو جرمانے کیے گئے۔ خانیوال میں عامر حیات ہراج سمیت 6 امیدواروں کو مختلف وجوہات کی بنا پر وارننگ جاری کر دی گئی۔
پی پی 270 مظفر گڑھ میں امیدوار زاہد اسماعیل بھٹہ کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا۔ پی پی 295 راجن پور میں سرکاری ملازم کو انتخابی مہم میں حصہ لینے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے سینٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے این اے 127 میں انتخابات سے چند روز قبل چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ترقیاتی کاموں کی طرف توجہ مبذول کروائی تھی۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ ہم نے این اے 127 کی ویڈیوز منسلک کی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ کچھ گلیوں کی تعمیر نو کی جا رہی ہے۔
