سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی سڑکوں، نالوں، پلوں وغیرہ کی مرمت کا کام جاری

DC inspected the under-construction Sarai Alamgir Road

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی سمیت سڑکوں، نالوں اور پل وغیرہ کی مرمت پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے قادرآباد بیراج کے بریچنگ پوائنٹ کا دورہ کر کے بحالی کے کام کا جائزہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔

منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 08 ستمبر 2025 ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ عوام کی روزمرہ زندگی میں سیلاب کے باعث پیش آنے والے مسائل کے فوری حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، حکومت پنجاب کی ہدایت پر متاثرہ عوام کی مدد اولین ترجیح ہے، جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ہیڈ قادر آباد بند دھماکے سے اڑا دیا گیا، منڈی بہاؤالدین میں نقصان کا خدشہ

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے مؤثر اقدامات کے باعث بڑے پیمانے پر نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوا۔ تمام اداروں کی بروقت حکمت عملی، مؤثر رابطہ کاری اور ٹیم ورک کے باعث دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام سے دوسرا بلند سیلابی ریلا بھی بحفاظت گزر گیا ہے۔

اب سیلاب کے بعد پانی کم ہوتے ہی بحالی کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، جس میں متاثرہ علاقوں میں زندگی کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے تمام محکمے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔ محکمہ ہائی ویز نے زیادہ تر متاثرہ سڑکوں کو بحال کر دیا ہے۔ باقی مقامات پر مرمتی کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ نقصانات کا مکمل سروے بھی کیا جائے گا، جس کی تفصیلی رپورٹ حکومت پنجاب کو بھیجی جائے گی تاکہ متاثرین کو بروقت مالی امداد فراہم کی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی جلد مشکلات ختم ہوں گی اور زندگی معمول پر آ جائے گی۔

Exit mobile version