پنجاب میں یکم سے چار اپریل تک بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا

weather today

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے بھر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق یکم سے 4 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔ جبکہ حافظ آباد، وزیرآباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ اور گردونواح میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جبکہ ڈیرہ غازی خان میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آسمانی بجلی گرنے کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

کاشتکاروں کو بھی موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ سیاحوں کو شمالی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Exit mobile version