ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد ضلع منڈی بہاوالدین کی عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنا ہے، شہری بلا خوف و خطر اپنے مسائل پیش کریں تا کہ ان کو موقع پر ہی حل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی منڈی بہاوالدین میں کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 20 فروری 2023) کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر وحید حسن گوندل،تمام ضلعی محکموں کے افسران سمیت سائلین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں سینکڑوں سائلین کی شکایات سنیں اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر اپنے فرائض منصبی خلو ص دل سے ادا کریں۔عوامی مسائل کے فوری اور اطمینان بخش حل کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے ، افسران بلا تفریق سائلین کے مسائل کو حل کریں۔ شکایت کے دور نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کیں کہ وہ عوام کے مسائل کا فوری ازالہ کریں اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے حل کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سائلین کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں اور سائلین صبح 9 بجے سے 11بجے تک میرے دفتر آ کر اپنے مسائل حل کروا سکتے ہیں ۔عوام الناس نے ڈپٹی کمشنر کے اس احسن اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کھلی کچہریوں کا انعقاد ہفتہ وار ہونا چاہیئے تا کہ ہمارے مسائل ہماری دہلیز پر جلد سے جلد حل ہو سکیں۔
