منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 02 اکتوبر 2025 ) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن ملاوٹ سے پاک پنجاب کے تحت، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی عدیل احمد کی زیر نگرانی رات گئے موضع ولایت والا میں ڈیری یونٹ پر اچانک چھاپہ مارا گیا۔
موقع پر سکیمڈ ملک پاؤڈر سے دودھ کی تیاری جاری تھی اور اس دودھ کو منڈی بہاءالدین سے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ایک ہزار 200 لیٹر ملاوٹی دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ 50 کلوگرام سکیمڈ ملک پاؤڈر، ایک عدد چلر، پلنجر، مکسر اور دیگر مشینری کو تحویل میں لے لیا گیا اور ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر بھی درج کروا دی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ قدرتی اجزاء سے محروم دودھ انسانی جسم میں مختلف بیماریوں کا باعث بنتا ہے، انہوں نے بتایا کہ غیر معیاری دودھ کی ترسیل اور فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری ہیں۔ عوامی حلقوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اس کاراوائی کو خوب سراہا ہے۔
