منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03 جنوری 2023) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر محمد اختر ملک کا دورہ منڈی بہاوالدین، اپنے دورے کے دوران انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور سٹی ہسپتال منڈی بہاوالدین کا اچانک دورہ کیا.
صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں جن میں صفائی ستھرائی ، ایمرجنسی، لیبارٹری، ایکسرے روم، فارمیسی، زنانہ مردانہ وارڈ کے علاوہ دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغورجائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ڈاکٹرز و طبی عملہ کے رویہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
انہوں نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور غیر حاضر سٹاف کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے ڈاکٹر صاحبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علاج معالجہ اور ٹیسٹنگ سے متعلق طبی پروٹوکول کو فالو کیا جائے اور طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی کا ہر گز مظاہرہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کو ضلع کے باقی سرکاری ہسپتالوں کےلئے رول ماڈل ہونا چاہیئے۔ صوبائی حکو مت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے۔کروڑوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
حکومت کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔مریضوں کےلئے علاج معالجے کیلئے ادویات کی دستیابی اور لیبارٹری ٹیسٹ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف بھی موجود تھے ۔
