پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، تسنیم علی

polio

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19اگست2022)ڈپٹی کمشنرتسنیم علی نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا ہوں گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار احمد،ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قمر الزمان، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں اجلاس کوڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 22اگست سے 26 اگست تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے3لاکھ 11ہزار756 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 2 دن کیچپ ڈیز بھی ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کےلئے محکمہ صحت کی 70 فکسڈ ٹیمیں، 43 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی 1225 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔

جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اورانسداد پولیو مہم سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل ہونے چاہیئں ۔ سابقہ تجربات کو مد نظر رکھ کر خامیوں کا ازالہ بھی کیاجائے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے۔قوم کے نونہالوں کو پولیو مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پانچ سال عمر کے ہر بچے کو انسداد پولیو ویکسی نیشن کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔اس میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Exit mobile version