منڈی بہاؤالدین:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں انسداد پولیو کی ضلعی پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 15 دسمبر 2025 سے شروع ہونے والی چار روزہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار، ڈی ڈی ایچ او، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورانا جاوید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد اور ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 15 دسمبر سے 18 دسمبر 2025 تک ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں
چار روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 324,622 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے لیے محکمہ صحت کے 2،917 ورکرز پر مشتمل 70 فکسڈ ٹیمیں، 45 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں، 1،225 ڈور ٹو ڈور ٹیمیں، 65 یو سی ایم اوز اور 242 ایریا انچارجز تعینات کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں مائیکرو اور میکرو پلان تیار کیا جائے گا اور متعلقہ عملے کو ضلع اور تحصیل کی سطح پر تربیت فراہم کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے بریفنگ سننے کے بعد کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے جو کہ عملی اقدامات سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ افسران پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کو خود مانیٹر کریں اور ویکسینیشن ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر اسکریننگ کی جائے۔ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں بشمول تمام متعلقہ محکمے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اہداف کے حصول کو ممکن بنائیں۔
