وزیراعظم کا منصوبہ برائے کٹا فربہ پروگرام و کٹا بھینس بچائو پروگرام میں رجسٹریشن کا سلسلہ شروع

buffalo

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ نے بتایا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا منصوبہ برائے کٹا فربہ پروگرام و کٹا بھینس بچائو پروگرام میں رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس کیلئے درخواستیں دینے کیلئے جانوروں کے ہسپتالوں اورتحصیل لیول پر ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک کے دفاتر میں درخواست فارم موجود ہیں جوکہ 30ستمبر 2022 تک وصول کی جائیں گی، مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواست پر عمل درآمد نہیں ہوگا۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 15 ستمبر 2022 ) انہوں نے بتایا کہ کٹا فربہ پروگرام میں کٹے کی عمر سال سے لے کر ڈیڑھ سال ہونا ضروری ہے اور کٹا بھینس بچائو میں کٹے کی عمر ایک دن سے لے کر 30 دن تک ہونی چاہئے۔ فارمر زیادہ سے زیادہ کٹا فربہ سکیم میں 25 کٹے رجسٹرڈ کروا سکتا ہے اور کٹا بھینس بچائو پروگرام میں 10کٹے رجسٹرڈ کروا سکتا ہے، زیادہ کٹے رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کٹے متوازن خوارک پر پالے جائیں گے، رجسٹریشن کے بعد کٹا فربہ پروگرام کے کٹے 90 دن تک پالنا ضروری ہے۔ جس کی تصدیق کے بعد مالکان کو مبلغ4 ہزارروپے فی کٹا محکمہ کی طرف سے بذریعہ بینک اکائونٹ مالی معاونت دی جائے گی اور کٹا بھینس بچائو پروگرام میں 120دن تک کٹے پالے جائیں گے جس کی تصدیق کے بعد مالکان کو مبلغ 6 ہزار 500 روپے فی کٹا محکمہ کی طرف سے مالی معاونت دی جائے گی ۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بتایا کہ جو کٹے محکمہ کی طرف سے مقرر کردہ وزن چھو ٹے کٹوں کا کم ازکم 300 گرام اوسط روزانہ اور بڑے کٹوں کا وزن 700 گرام اوسط روزانہ کے مطابق بڑھوتری نہیں کریں گے ان کو سکیم سے خارج کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ نے بتایا کہ کٹو ں کو حفاظتی ٹیکہ جات و علاج معالجہ کی سہولت بھی مفت مہیا کی جائے گی۔

Exit mobile version