ڈپٹی کمشنر تسنیم علی نے کہا ہے کہ ڈینگی پر مکمل طور پر قابو پانے کیلئے کمیونٹی کا تعاون ناگزیر ہے، ڈینگی کے خاتمہ اور اس کے کنٹرول کیلئے ضلع بھر میں تمام متعلقہ محکمے بالخصوص محکمہ صحت بھر پور اقدامات کر رہا ہے
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 22اگست2022 ) ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہاکہ محکمہ صحت اور متعلقہ ادارے عوام الناس کو انسداد ڈینگی سے متعلق ضروری آگاہی فراہم کریں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں انسداد ڈینگی ویک منانے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عدنان ظفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات، افسران سمیت طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر تسنیم علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام محکموں سمیت کمیونٹی کا عملی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انسداد ڈینگی کیلئے گلی، محلوں، گھروں، پارکوں اور دیگر مخصوص جگہوں پر مچھروں کی افزائش روکنے کے لئے محکمہ صحت کے علاوہ کمیونٹی موبلائزیشن موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول ، دفاتر کے اندر، چھتوں، باغیچوں، پارکوں اور پبلک مقامات کو صاف اور خشک رکھنے کیلئے عملی اور موثر کردار ادا کریں ۔
ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد نے کہا کہ ڈینگی ایک خطرناک لیکن سو فیصد قابل علاج مرض ہے، جس سے مکمل بچاﺅ کیلئے ہمیں گھروں اور اپنے گردونواح میں اس مرض کے پھیلاﺅ کا سبب بننے والے عوامل کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی مسلسل کوششوں اور محکمہ صحت کے اقدامات کی بدولت صوبہ پنجاب بڑی حد تک اس موذی مرض سے نجات پا چکا ہے تاہم ابھی بھی اس کے پھیلاﺅ کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ۔
سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں آگاہی واک بھی منعقد ہوئی ، آگاہی واک میں ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس اور طلباء میں انسداد ڈینگی سے متعلق آگاہی بروشرز بھی تقسیم کئے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں تمام متعلقہ محکمے خصوصاً محکمہ صحت بھر پور اقدامات کرے ، اس ضمن میں تمام ادارے حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے ملنے والی ہدایات اور حفاظتی تدابیر کو ضرور اپنائیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسداد ڈینگی ویک منانے کے حوالے سے اپنے دفاترز کو صاف ستھرا رکھیں، ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے سرویلنس اور ڈینگی مچھر سے بچاﺅ کیلئے شہریوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے ۔ تمام محکموں کی ڈینگی سے متعلق کاروائیوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا ۔