رمضان کے مہینے کیلئے اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں کا تعین کر دیا گیا

chicken rate today mandi bahauddin

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جائے گا، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25مارچ 2023) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے نمائندگان کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈی او انڈسٹریز و فوکل پرسن رانا محمد سعید، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔ قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید نے اجلاس کو مختلف اضلاع میں موجودہ اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور متعلقہ افسران کے ساتھ غوروخوص کے بعد متفقہ طور پراشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹس کے جائزے کے بعد مقرر کر دیں۔

جس کے مطابق آٹا 10 کلو بیگ 1،158 روپے، باسمتی سپر کرنل290 روپے کلو، دال چنا موٹی 240 روپے، دال چنا باریک 205 روپے، دال ماش دھلی ہوئی 410 روپے، دال ماش چھلکا 370 روپے کلو، دال مونگ 240 روپے کلو، دال مسور موٹی 240 روپے، بیسن 215 روپے کلو، سفید چنا کینیڈین 320 روپے، کالا چنا 210 روپے فی کلو گرام پر دستیاب ہوں گے ۔

چھوٹا گوشت 1،350روپے کلو جبکہ بڑا گوشت 700روپے کلوپر دستیاب ہوگا۔ اسی طرح دودھ 140روپے لیٹر اور دہی 150 فی کلو گرام پر دستیاب ہوں گے جبکہ بقیہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلی قیمت پر ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔سبزیوں، فروٹ ، انڈے ، برائلر گوشت مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرے گی۔ گھی اور آئل کنٹرولڈ پرنٹڈ ریٹس پر دستیاب ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ ماہ رمضان میں ضروری اشیاء خوردونوش، پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اور موجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔تاجروں اور دکانداروں سے اپیل ہے کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں ۔

ماہ رمضاں میں عوام الناس کیلئے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مناسب رکھ کر لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔دکاندار اشیاءخوردونوش کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں ، جو دکاندار اس پر عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version