ملکوال سے پنڈ دادنخان شٹل ٹرین سروس 3 سال بعد بحال

malakwal to PD Khan train service

محکمہ ریلوے نے منڈی بہاؤالدین کے علاقہ ملکوال سے پنڈ دادن خان تک تین سال قبل بند کی گئی ریلوے ٹرین کو دوبارہ بحال کر دیا ، کورونا کے باعث شٹل ٹرین کو تین سال قبل بند کر دیا گیا تھا، منڈی بہاؤالدین سے مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی چودھری ناصر اقبال بوسال نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور چئیرمین ریلوے ظفر زمان رانجھا سے ملاقات کے دوران مذکورہ ٹرین کی بحالی کی تجویز دی تھی ،

ضلع منڈی بہاؤالدین کے ریلوے جنکشن ملکوال ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی محکمہ ریلوے کے ایڈیشنل وفاقی سیکریٹری سید مظہر علی شاہ، چوہدری ناصر اقبال بوسال ایم این اے ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے راولپنڈی انعام اللہ خاں ، ڈویژنل کمرشل آفیسر میڈم رملا شاہد راؤ، ڈویژنل ٹریفک آفیسر میڈم وقار النساء ، اسٹیشن ماسٹر ملکوال شوکت بٹ ،عدنان محمود چوہدری ڈی ای این عمران سعیدسمیت ریلوے افسران ، میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،

اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری منسٹری آف ریلوے سید مظہر علی شاہ اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری ناصر اقبال بوسال نے ریلوے افسران کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر ٹرین کا شاندار افتتاح کیا، چوہدری ناصر اقبال بوسال ایم این اے اور دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت عوام کو ریلوے کی جدید سفری اور سستی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور تین سال بعد ملکوال اور پنڈ دادن خان روٹ پر ٹرین کی دوبارہ بحالی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے ،

انھوں نے ٹرین کو دوبارہ بحال کرنے پر وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور چئیر مین ریلوے ظفر زمان رانجھا کا شکریہ ادا کیا ،شٹل ٹرین سروس ملکوال اور پنڈ دادن خان روٹ پر دن میں تین چکر لگائے گی ، پہلا چکر ملکوال سے صبح 8 بجے ، دوسرا چکر دن 11 بجے اور تیسرا چکر دن 3 بجے ہو گا ، مذکورہ ٹرین کی بحا لی سے ضلع منڈی بہاؤالدین اور ضلع جہلم کے سیکڑوں مسافروں کو روزانہ ریلوے کی جدید اورسستی سہولیات حاصل ہوں گی –

Exit mobile version