ریلوے روڈ پر جعلی انتقالات کے ذریعے محکمہ خوراک کی ہتھیائی گئی اراضی واگزار

ترجمان پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ نے بتایا ہے کہ سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید کی ہدایت پر منڈی بہاؤالدین ریلوے روڈ پر محکمہ خوراک کی 10 مرلہ قیمتی اراضی جعلی انتقالات کے ذریعے ہتھیانے کی کوشش پر ایڈیشنل کمشنر ریونیو نے انکوائری کی اور انکوائری میں انتقالات نمبر 7511اور 75 12 جعلی اور بوگس ثابت ہونے پر کینسل کر دیئے گئے اور اراضی 10 مرلہ کے انتقالات دوبارہ محکمہ کومنتقل کر دیئے گئے –

انہوں نے بتایا کہ گودام واقعہ چک نمبر 51 منڈی بہاوالدین ریلوے روڈ کے جعلی انتقالات 2005 میں عبدالوہاب ولد عبدالستار نامی شخص نے حلقہ پٹواری کی ملی بھگت سے درج کرانے جبکہ عرصہ دراز سے خانہ کاشت اور ملکیت میں حکومت پنجاب درج ہے اورمحکمہ خوراک کے زیر قبضہ ہے یہ اراضی 20 کنال 17 مرلے پر مشتمل ہے جس پر مکمل چار دیواری ہے اور عرصہ دراز سے محکمہ خوراک کے قبضہ میں ہے- 2005

میں جعلسازی سے 10مرلہ کے انتقالات درج کر کے قیمتی اراضی ہتھیانے کی کوشش کی گئی جس کو ناکام بنا دیا گیاہے اور اس اراضی پر قائم ناجائز تجاوزات کو گرا کر اس کا کنٹرول ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر آفس کو دے دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سیکرٹری پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ ڈاکٹر کرن خورشید نے جعلی انتقالات میں ملوث افسران کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جا سکے۔

Exit mobile version