اسلام آباد(آئی این پی) آپٹیکل فائبر کیبل اور انٹرنیٹ سروسز کے 8ارب مالیت کے سات منصوبوں کی منظوری، بلوچستان کے لیے 3.5 ارب مختص ،25 لاکھ لوگ مستفید ہوں گے، ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر جدید براڈبینڈ سروس ملے گی، سندھ میں 555 کلو میٹر آپٹک فائبر کیبل پہنچائی جائیگی
رپورٹ کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے اور مختلف صوبوں میں براڈ بینڈ خدمات فراہم کرنے کے لیے 8 ارب روپے کے سات منصوبوں کی منظوری دی ہے جس میں خاص طور پر بلوچستان پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان منصوبوں کی باضابطہ منظوری دی ہے جن میں 3.5 ارب روپے بلوچستان میں خرچ کیے جائیں گے۔
یہ پراجیکٹس مکمل ہونے پر ملک کے دوردراز علاقوں میں 25لاکھ سے زائد لوگوں کو براڈ بینڈ کی خدمات فراہم کریں گے۔ویلتھ پاک کے مطابق 2018 سے اب تک 52 ارب روپے کی لاگت سے بنائے گئے منصوبوں کی تعداد ریکارڈ 56 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت کے سیکرٹری اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ ملک کے پسماندہ اورکم سروس والے علاقوں کے مکینوں کو براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3.57 ارب روپے کی منصوبے بلوچستان کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ خطوں کے برابر لانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں 4G سروسز فراہم کرنے کے لیے 3.5 ارب روپے کا منصوبہ پاک ٹیلی کام موبائل کو دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ 18 ماہ میں مکمل ہو گا جس سے 111 دیہاتوں کے ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ پنجاب کے اضلاع جھنگ،بھکر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے 2.25 ارب روپے کامنصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا اور 722 دیہات میں 10 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
یو ایس ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈیرہ سے منسلک ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے 95 کلومیٹر طویل حصے پر بلا تعطل کال اور براڈ بینڈ خدمات فراہم کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی جس میں لکی مروت، میانوالی، اٹک اور راولپنڈی کے اضلاع شامل ہیں۔ یہ منصوبہ جاز کو 375 ملین روپے کی لاگت سے دیا گیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد کے مضافات میں چھ موضع میں براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے کا منصوبہ جاز کو 11 ملین روپے کی لاگت سے دیا گیا ہے۔
جاز کمپنی کو منڈی بہاؤالدین کے ایک موضع میں 22.6 ملین روپے کی لاگت سے موبائل سروس فراہم کرنے کے منصوبہ بھی دیاگیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے سندھ کے لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ اضلاع میں 555 کلومیٹر لمبی فائبر آپٹیکل کیبل بچھائی جائے گی جس پر1.61 ارب روپے کی لاگت آئیگی اور اس کی مدت ایک سال ہے۔
یہ ان اضلاع کی 62 یونین کونسلوں کو آپس میں جوڑے گاجس سے 12لاکھ سے زائد لوگوں کو تیز رفتار رابطہ فراہم ہو گا۔ پی ٹی سی ایل کو ہری پور اور اسلام آباد کی چھ یونین کونسلوں میں 410 ملین روپے کی لاگت سے 106 کلومیٹر طویل کیبل بچھانے کا منصوبہ بھی دیا گیا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر سید امین الحق نے یو ایس ایف کو منصوبوں کی منظوری پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اور اس کے ذیلی ادارے خاص طور پریو ایس ایف ملک کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا جاری رکھیں گے