ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان جیسا عظیم وطن حاصل کرنے کیلئے طویل جدوجہد اور لازوال قربانیاں دینا پڑیں،ہم سب کو مل کر اپنی اپنی فیلڈ میں بہتر سے بہترین طریقے سے فرائض سرانجام دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14اگست 2023)انہوں نے کہا کہ14اگست اہم ترین دن ہے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ بہا دیں گے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں یوم آزادی کی پر وقار تقریب میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا با قاعدہ آغاز 8:58 پر سائرن سے کیا گیا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ احترام سے سنا گیا۔پولیس ، ریسکیو 1122، سکاﺅٹس اورطلباءکے دستوں کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وحید حسن گوندل، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین سہیل ریاض چھینہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رضوان بشیر آغا سمیت دیگر تمام محکموں کے افسران ،معززین شہر، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر سکول کے بچوں نے ٹیبلوز ،ملی نغمے اور ملی ترانے پیش کئے جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد اور ڈی پی او رضا صفدر کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم آزاد وطن کی فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس بالخصوص طلباء، اساتذہ اور تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہاکہ آزادی کی قدر محکوم قوموں سے بہتر کوئی نہیں جانتا، پاکستان کی آزادی کیلئے جہاں ہمارے آباﺅ اجداد نے لاکھوں قربانیاں دیں،وہاں ملک کے تحفظ اور استحکام کیلئے بھی لاکھوں افراد قربان ہوئے۔ ہم سب پاکستان کے حصول اور ا س کے تحفظ اور استحکام کیلئے جانوں کے نظرانے پیش کرنے والوں کی شہادتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان شہادتوں کے نتیجے میں آج ملک پہلے سے بہتر ہے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ضلع کونسل ہال کے احاطے میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے پودا لگایا ، شہریوں میں پودے تقسیم کئے اور کیک بھی کاٹا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال، سٹی ہسپتال ، چلڈرن ہسپتال اور دارالامان کا دورہ بھی کیا، انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کیاور وہاں موجود مریضوں کو علاج معالجہ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین میں کھانا اورمٹھائی تقسیم کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔اسی طرح تحصیل پھالیہ اور ملکول میں بھی اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارت تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔