وفاق نے وزیراعلیٰ پنجاب اور پرنسپل سیکرٹری کے اضلاع کے فنڈز روک دیے

منڈی بہاءالدین (ویب ڈیسک 21 ستمبر 2022) وفاقی حکومت نے وزیراعلٰی پنجاب اور ان کے پرنسپل سیکرٹری کے اضلاع کے فنڈز روک دیے۔ پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت گجرات اور منڈی بہاؤ الدین کو فنڈ زنہ مل سکے۔

گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے لیے پی ایس ڈی پی کے تحت 16 ارب 40 کروڑ روپے درکار ہیں۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات نے پنجاب حکومت کو آگاہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق گجرات اور منڈی بہاؤ الدین میں روڈ سیکٹر 16 ارب روپے مالیت کے تین میگا منصوبے ہیں۔ گجرات اور منڈی بہاؤ الدین میں 200 کلومیٹر تک سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جانی تھی۔ پنجاب حکومت ان منصوبوں کے لیے منظوری بھی دے چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد خان بھٹی کی بطور پرنسپل سیکرٹری تقرری، ہائیکورٹ نے ایک ہفتے تک جواب داخل کرنے کی مہلت دے دی

ذرائع کے مطابق فنڈ کے حصول کے لیے وفاق سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فنڈ کے اجرا کی استدعا کی گئی ہے۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں پر فنڈ نہ ملا تو نئی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ پنجاب حکومت وقتی طور پر برئج فنانسنگ کر کے منصوبوں کو مکمل کرلے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ برئج فنانسنگ کر کے محکمہ خزانہ پنجاب سے فنڈ لیکر کام شروع کیا جائے گا، جب وفاق سے فنڈ ملے تو محکمہ خزانہ پنجاب کو وہ فنڈ واپس کر دیں گے

Exit mobile version