گورنمنٹ گریجوایٹ کالج میں عالمی یوم سیاحت کے حوالے سےپر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

Govt graduate college mandi bahauddin

گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز میں عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے سادہ اور پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین تھے جبکہ دیگر مہمامان گرامی میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد قاسم اورنگزیب اور کالج پرنسپل ڈاکٹر محمدارشدتھے ۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27ستمبر 2022 ) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک عباس ذوالقرنین نے کہاکہ دنیا بھر میں آج کے دن کو سیاحت کے حوالے سے منایا جاتا ہے، پاکستان کا مستقبل سیاحت سے وابستہ ہے، دنیا بھر میں پاکستان سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے، قدرت نے جو خوبصورتی پاکستان کو دی ہے وہ شاید ہی کسی علاقے کو نصیب ہو لیکن قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال، بغیر منصوبہ بندی کے غیر منظم انداز میں انفراسٹرکچر کا پھیلائو اور موسمیاتی تبدیلیاں ہماری سیاحت کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے سیاحتی شعبے کو خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس کی منظم پائیداری کے لئے واضح ہدایت دی ہیں۔ حکومت پنجاب سیاحت کے فروغ اور قدرتی حسن کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر نجی شعبے کے تعاون سے پائیدار سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ سیاحت کے فروغ کے لئے ایکو سسٹم کی بحالی، ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریں۔ اس کے لئے اپنے سیاحتی مقامات کی جامع منصوبہ بندی کے ساتھ منظم انداز میں تعمیر و ترقی کریں۔

قبل ازیں پروفیسر اعجاز احمد نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سیاحت کی اہمیت اور فروغ پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباءو طالبات کو سیاحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جس کے لئے ضلعی انتظامیہ کا تعاون یقینی اہمیت کا حامل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے قدرتی وسائل کا تحفظ کریں اور سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں ۔

Exit mobile version