پرسنل سٹاف آفیسر ٹو ایڈجوٹینٹ جنرل بریگیڈئیر اعجاز کیانی نے ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کے ہمرہ منڈی بہاوالدین میں جاری ترقیاتی سکیم منڈی تا سرائے عالمگیر روڈ کا معائنہ کیا۔انہوں نے جاری کام کی کوالٹی اور رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو جاری منصوبے کے مسائل کے حل اور تکمیل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04جنوری 2024) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایل سی میجر مسرت اور ہائی وے افسران نے سرائے عالمگیرروڈ کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ منڈی بہاوالدین تا سرائے عالمگیر روڈ 46 کلومیٹر طویل ہے اور منصوبے پر 6 ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے، جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ جس پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبہ جات کو مقررہ معیار اور مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے گیپکو افسران کو ہدایت کی کہ روڈ کے اطراف میں بجلی کے پولز کو 10دن میں ہٹا کر ہائی ٹرانسمیشن لائنز کو اونچائی پرکیا جائے۔
انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایل سی کوکھرلانوالہ پل کو ایک ماہ میں تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کھرلانوالہ پل تا آٹھ آر ڈی بیراج روڈ کو 14جنوری تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مفاد عامہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان منصوبوں کو مکمل شفافیت اور حکومتی ترجیحات کے مطابق قومی تعمیر کے جذبے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔