ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں کی زیرصدارت ضلعی افسران کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ماہانہ کارکردگی، احساس راشن رعایت پروگرام ،سموگ کی روک تھام اور یوریا کھاد کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 06 جنوری 2023) ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت کی واضح ہدایات کی روشنی میں تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹا، چینی ، دالیں، پھلوں، سبزیوں کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، حکومتی ہدایت پر مہنگائی کے سد باب کیلئے پرائس مجسٹریٹس انسداد مہنگائی مہم کو مذید موثر اور فعال بنائیں،
انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں اور مارکیٹوں کے دورے کر کے ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کریں اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف جرمانے اور ایف آئی آرز درج کروائی جائیں۔ ہفتہ وار میٹنگ کے دوران پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاے گا۔تمام پرائس مجسٹریٹس اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق یکم دسمبر سے 31 دسمبر 2022 تک 27 مجسٹریٹس صاحبان نے6 ہزار614 انسپکشنز کیں اور پرائس ایکٹ کی مختلف خلاف ورزیوں پر دکانداروں ، بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 10لاکھ 52 ہزار روپے جرمانے کئے گئے اور 4 ایف آئی آر درج کرا کر 3 افراد کو گرفتار کرا دیا گیا ۔ جس پرڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت موجودہ حالات میں ضروری اشیائے خوردونوش خصوصاً پھلوں ، سبزیوں اور کریانہ مرچنٹس کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے
لہذا اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ میں اشیائے خودونوش کی قیمتوں کی چیکنگ کریں اور منڈیوں میں روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں اور پھلوں کی آکشن کی نگرانی کریں۔ عادی گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو جرمانے کے علاوہ جیل بھی بجھوایا جائے۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے یوریا کھاد کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بتایا کہ مارکیٹ میں یوریا کھاد کا وافر سٹاک موجود ہے کسی قسم کی کوئی قلت نہیں ہے۔فیلڈ آفیسر محولیات نے سموگ کی روک تھام کے حوالے سے کی گئی کاروائیوںکے بارے تفصیلی بریفینگ دی۔
