منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 25 اگست 2025 ) دھول رانجھا فٹ بال کلب نے آل پنجاب فٹ بال ٹورنامنٹ میں داتا ایف سی حافظ آباد کو فائنل میں 1-0 سے شکست دے کر چمپیئن کا تاج سر پر سجا لیا۔ فائنل داتا فٹ بال کلب کے ہوم گراونڈ حافظ آباد میں کھیلا گیا۔
دھول رانجھا فٹ بال کلب کی وننگ ٹرافی اور کیش انعام کپتان حامد بلال نے وصول کیا۔ صدر دھول رانجھا فٹ بال کلب فخر نواز رانجھا، سیکرٹری محمد اصغر لنگڑیال، صدر فالکن فٹ بال کلب بشارت علی تارڑ، محمد عثمان خان، عرفان نواز رانجھا و دیگر بھی فائنل میچ میں اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
فائنل میچ کی جیت پر کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اور مہمانوں نے خوب بھنگڑے ڈالے۔ دھول رانجھا فٹ بال کلب نے پری کوارٹرز فائنل میں فیصل آباد کو، کوارٹرز فائنل میں حافظ آباد کو، سیمی فائنل میں وزیرآباد کو اور فائنل میں بھی حافظ آباد کی تگڑی ٹیموں کو واضح مارجن سے ہرایا۔
اس موقع پر صدر و سیکرٹری دھول رانجھا فٹ بال کلب کا مشترکہ بیان میں کہنا تھا کہ ہم اپنی فٹ بال ٹیم کی فیزیکل ٹریننگ، بال ڈرل، رننگ اور گیم ٹریننگ پر بہت فوکس کر رہے ہیں، انشاءاللہ آئندہ بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے اور مزید ٹرافیاں جیتیں گے۔اس شاندار کامیابی پر اہلیان دھول رانجھا اور اسپوٹرز کی طرف سے خوشی کا اظہار اور مبارک بادیں پیش کی گئیں۔