ڈپٹی کمشنر کا سبزی و پھل منڈی، پھالیہ، گجرات روڑ کا دورہ

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرانے آج علی الصبح پھالیہ سبزی و پھل منڈی اور سہولت بازار کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے پھالیہ میں گھنیاں روڈ، گجرات روڈ، ہیلاں چونگی اور کینال روڈ پر صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساجد منیر کلیار اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

منڈی بہاءالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14 اکتوبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر نے سبزی فروٹ منڈی میں سبزی وپھل کے معیار کو چیک کیا اور بولی اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈی سے مارکیٹ تک سبزی و پھل کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزی و پھل فروٹ منڈی میں مڈل مین کے کردار کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اشیاء کی خریداری کرتے ہوئے مارکیٹ کمیٹی سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کو فالو کیا جائے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں “قیمت ایپ”یا ٹول فری نمبر 0800-02345 پر اطلاع دیں۔

ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کے دورے کے بعد سہولت بازر کا بھی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سہولت بازار میں قائم پھلوں، سبزیوں اور کریانہ شاپس کے سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں پر رکھی گئی اشیاء کے معیار اور مقدار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خریداری کیلئے آنے والے صارفین سے قیمتوں اور کوالٹی کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر شہریوں نے سہولت بازار کے قیام کو ایک مثبت اقدام قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں میں شہریوں کو روزہ مرہ کے استعمال کی اشیاء جن میں پھل، سبزیاں اور کریانہ شامل ہیں عام بازاروں سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چینی 90 روپے فی کلو کے حساب سے تمام سہولت بازاروں میں با آسانی دستیاب ہے جبکہ شہریوں کو ارزاں نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کیلئے سہولت بازاروں کے علاوہ عام مخصوص دکانوں پر آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سہولت بازاروں میں آٹے کے 20 اور 10 کلو کے تھےلے بالترتیب 1100 اور550 روپے کے حساب سے دستیاب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کامیابی سے جاری ہے اور اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام مجسٹریٹس صاحبان اپنے اپنے علاقوں میں متحرک ہیں اور ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پھالیہ میں گھنیاں روڈ، گجرات روڈ، ہیلاں چونگی اور کینال روڈ پر صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا ۔

انہوں نے میونسپل کمیٹی کے افسران اور عملے کو اپنے کام میں مصروف عمل دیکھا ۔ انہوں نے میونسپل عملے کو صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہاکہ گلی محلوں کی نالیوں ،نالوں کی صفائی کے علاوہ دیگر میونسپل سروس کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ گندگی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات فوری طور پر ختم کی جاسکیں۔

Exit mobile version