ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ترقیاتی سکیموں کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے ، حکومت کی اولین ترجیح عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے جس کیلئے تمام متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جتنی جلدی ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہوں گے عوام اتنا ہی جلد مستفید ہو گی۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 16 ستمبر2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی سکیموں کو چیک کرنے کے حوالے سے سیدا، بھیرووال اور فرخ پور بھٹیاں میں کارپیٹڈ سڑکوں اور ٹف ٹائلز گلیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، ایکسیئن ہائی وے، پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کوایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری پراجیکٹس اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ان ترقیاتی منصوبوں پر فزیکل اور فنانشل پراگرایس رپورٹس کا بھی معائنہ کیا اور بعض تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مسائل کے حل پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی سکیموں کے دوران تکمیل تک ان کے معائنے کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مختلف روڈز کی چوڑائی اور موٹائی کو فیتے سے ناپ کر چیک کیا جبکہ گلیوں میں لگنے والی ٹف ٹائلز کی موٹائی اور کوالٹی کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت ٹیم ورک کے تحت مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن بنایا جائے۔انہوں نے ترقیاتی سکیموں کے سربراہان کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ جاری منصوبوں کے تمام پہلوﺅں پر کڑی نظر رکھیں۔ کام ٹھیکیداروں پر چھوڑنے کی بجائے افسران سکیموں کی خود نگرانی کریں۔ کوالٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ کام نہ کرنے یا سست روی کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی سکیموں میں کوالٹی، رفتاراور شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوام الناس کی فلاح وبہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ان سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاری منصوبوں کا گاہے بگاہے دورہ کرتا رہوں گا اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے خود فیلڈ میں جا کر تمام ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتا رہوں گا ۔
