ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ڈیجیٹل مردم شماری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

Deputy Commissioner Shahid Imran Marth formally inaugurated the digital census

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز یکم مارچ 2023)ڈپٹی کمشنر شاہدعمران مارتھ نے ڈیجیٹل مردم شماری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول سوہاوہ بولانی کی عمارت پر نمبر لگا کر افتتاح کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ خانہ شماری اہم قومی ذمہ داری ہے اور اسی کے اعدادو شمار کے مطابق ملک کے وسائل تقسیم ہوں گے۔

یکم مارچ 2023 سے یکم اپریل 2023 تک ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری جاری رہے گی، جس کے مطابق ضلع میں سرکل کی تعداد 117، بلاک کی تعداد 1470، سرکل سپروائزر 167 جبکہ شمار کنندگان کی تعداد 736 عملہ پر مشتمل ہے اور ٹیمیں گھر گھر جاکر قومی فریضہ سر انجام دیں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مردم شماری کے اہلکاران قومی فریضہ (مردم شماری) کے لئے آپ کے دروازہ تک آئیں گے ۔آپ سے گزارش ہے کہ اپنی درست معلومات کے اندراج کیلئے ان کے ساتھ مکمل تعاون کریںاور ان کے ساتھ خوش دلی، خندہ پیشانی اور احترام کے ساتھ پیش آئیں تاکہ بہتر انداز میں قومی ذمہ داری ادا ہو سکے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سوہاوہ بولانی کا دورہ بھی کیا اور وہاں درس و تدریس سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول کے مختلف شعبوں، کلاس رومز کے علاوہ صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کلاس روم میں بچوں سے ملاقات کی اور ان سے درس و تدریس کے متعلق سوالات بھی کئے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈہ ہے اورمعیاری تعلیم کی بہتری اور صوبائی محکمہ کی جانب سے مقرر کردہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ہم نے صرف اہداف کو ہی حاصل نہیں کرنا ہے بلکہ معیار تعلیم کو بھی بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک مقدس اور پیغمبرانہ پیشہ ہے۔محکمہ تعلیم کے افسران اپنی ذمہ داریوں کے احساس کرتے ہوئے نسل نو کی آبیاری میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

Exit mobile version