ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی مدد سے بچوں کو پولیو یکسین کے قطرے پلائے

polio team mandi bahauddin

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 16جنوری 2023)ڈپٹی کمشنرتسنیم علی خاں نے انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے کنگ روڈ پوائنٹ، بی ایچ یو سوہاوہ بولانی، بی ایچ یو مانگٹ اور بی ایچ یو 2 چک کا اچانک دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے پہلے روز کی انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی پولیوٹیموں کی انسپکشنز کے دوران ٹرانزٹ پوائنٹس اورگھر گھر جانے والی موبائل ٹیموں کے کام کو چیک کرتے ہوئے بچوں کے ہاتھوں کی انگلیوں پر لگائے گئے نشانات کو بھی چیک کیا ۔ انہوں نے خود بھی پولیو ٹیموں کی مدد سے بچوں کو پولیو یکسین کے قطرے پلائے۔

اس موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شکیل نذر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے انسداد پولیو ٹیموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عملی اقدامات سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔ تقریروں اور باتوں سے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو شعوری آگاہی بھی فراہم کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کو رضاکارانہ طور پر پولیو ویکسین کے قطرے پلوائیں اور سو فیصد ٹارگٹ کا حصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت بالخصوص انسداد پولیو ٹیموں کے افسران، اہلکاران اور پولیو ورکرز محکمے کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔ امید ہے کہ ہم سب کی عملی اور انتھک کاوشوں سے ملک بالخصوص صوبہ پنجاب بہت جلد پولیو فری زون بن جائے گا۔انسداد پولیو مہم 16 جنوری سے 20 جنوری 2023 تک جاری رہے گی۔

Exit mobile version