بجلی چوروں کیخلاف سخت کاروائی کرنے کا فیصلہ

Decision to take strict action against electricity thieves

وزیر اعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پرضلع منڈی بہائوالدین میں بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی کی زیرصدارت ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین سہیل ریاض چھینہ،ایڈیشنل ڈائریکٹر و ایکسیئنز واپڈا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ پنجاب حکومت نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی ہدایات کی روشنی میں بجلی چوروں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ، ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جائیں گی۔

بجلی چوری کی روک تھام قومی مقصد ہے۔ بجلی چوری کا بوجھ عام صارف کو اٹھانا پڑتا ہے۔ شہری بجلی چوری کے خلاف قومی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔بجلی چور قومی خزانے کو براہ راست نقصان پہنچا رہے ہیں، ایسے عناصر کو قرار واقعی سزا دلواناضروری ہے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں انتظامیہ اور پولیس مکمل معاونت فراہم کرے گی ۔ مانیٹرنگ کیلئے تحصیل کی سطح پر کمیٹی قائم کی جائے گی۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اورڈی ایس پی اپنی تحصیل کے فوکل پرسنز ہوں گے اور ایس ڈی او واپڈا ان کو معاونت فراہم کریں گے۔

ضلع میں انڈسٹریل اور دیگر کمرشل یونٹس میں بجلی چوری کی نشاندہی کیلئے سپیشل برانچ کی مدد لی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ عوام الناس کو آگاہی دی جائے کہ بجلی چوری سنگین جرم ہے اور اس کی روک تھام کیلئے شہری انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

اپنے علاقے میں بجلی چوری کی شکایت کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم کے فون نمبر 0546650152 پر یا اپنی تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر یا ایس ڈی او واپڈا کو فوری اطلاع کریں ۔ اطلاع کرنے والے کا نام اور پتہ صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

Exit mobile version